نئی دہلی /اسلام آباد،یکم جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان نے ہفتہ کو پاکستان سے پھر کہا کہ وہ ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کو جلد سے جلد مکمل سفارتی مدد مہیا کرائے۔جادھو کو پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے جاسوسی اور ملک مخالف سرگرمیوں کے مبینہ جرم میں موت کی سزا سنائی ہے۔ہندوستان نے پاکستان سے تازہ اپیل ایسے وقت میں کی ہے جب دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی جیلوں میں بند قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا ہے۔ہندوستان سے شیئرکی گئی پاکستان کی فہرست کے مطابق، قریب 500ماہی گیروں سمیت کم از کم 546ہندوستانی شہری اس کی مختلف جیلوں میں بند ہیں۔
وزارت خارجہ نے دہلی میں ایک بیان جاری کرکے کہاکہ ہندوستان نے ایک بار پھر پاکستان سے درخواست کی کہ وہ حامد نہال انصاری اور کلبھوشن جادھو سمیت پاکستان کی جیلوں میں بند ہندوستانی شہریوں کو جلد مکمل سفارتی مدد مہیا کرائے۔ہندوستان نے جادھو کو سنائی گئی موت کی سزا کے خلاف بین الاقوامی انصاف عدالت (آئی سی جے)کا رخ کیا تھا۔آئی سی جے نے 18مئی کو پاکستان کو جادھو کو موت کی سزا دینے سے روک دیا تھا۔ممبئی کے رہنے والے انصاری کو 2012میں افغانستان سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے مبینہ جرم میں پکڑا گیا تھا،وہ مبینہ طور پر ایک ایسی لڑکی سے ملنے گیا تھا، جس سے اس نے انٹرنیٹ کے ذریعے دوستی کی تھی،بعد میں انصاری لاپتہ ہو گیا تھا،پھر اسے گرفتار کر لیا گیا اور پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے اس پر مقدمہ چلایا، جس نے اسے جاسوسی کا مجرم قرار دیا۔اپنی فہرست میں پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ ہندوستانی قیدیوں میں 52عام قیدی اور 494 ماہی گیرشامل ہیں۔